Connect with us

سیاست

پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کا دعویٰ، فضل الٰہیٰ کی بجٹ روکنے کی دھمکی

Published

on

خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، جہاں پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہیٰ نے 35 سے 40 ناراض ارکان اسمبلی پر مشتمل ایک فارورڈ بلاک کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور پارٹی قیادت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الٰہیٰ نے کہا کہ ان کے ساتھ درجنوں ناراض ارکان اسمبلی موجود ہیں اور اگر عمران خان کی رہائی کے لیے واضح اور فیصلہ کن حکمت عملی اختیار نہ کی گئی تو یہ گروپ خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں کا ایک مشترکہ کنونشن بلایا جائے، جہاں تمام رہنما قرآن پاک پر حلف اٹھائیں کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ایک حتمی احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور اس کا اختتام صرف عمران خان کی رہائی پر ہوگا۔

فضل الٰہیٰ کا کہنا تھا کہ جب سینیٹ انتخابات کے لیے قرآن پر حلف لیا جا سکتا ہے تو عمران خان کی رہائی جیسے اہم معاملے پر ایسا کیوں نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ پارٹی قیادت عمران خان کے ساتھ مخلص نہیں اور محض سیاسی مفادات کے حصول میں مصروف ہے۔

صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں افسر شاہی کھل کر کرپشن کر رہی ہے جبکہ وزراء کے پاس اپنے ماتحت افسران کے تبادلے تک کا اختیار موجود نہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی ترجیح وزارتیں یا مراعات نہیں بلکہ عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے۔

فضل الٰہیٰ نے وزیر اعلیٰ کے وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بعض خفیہ ملاقاتیں عمران خان کی رہائی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو بجٹ کی منظوری خطرے میں پڑ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کو شدید سیاسی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *