Connect with us

سیاست

سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزا جاری کرنا شروع کر دیے، اہم تاریخوں کا اعلان

Published

on

سعودی عرب نے حج سیزن 2026 کے اختتام کے بعد نئے عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ ویزوں کا اجرا شروع کر دیا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق نئے عمرہ سیزن کے دوران عمرہ ویزے 9 مارچ 2027 تک جاری کیے جائیں گے، جو یکم شوال 1448 ہجری کے مطابق ہے۔ اس کے بعد عمرہ ویزوں کا اجرا بند کر دیا جائے گا۔

وزارت نے بتایا کہ بین الاقوامی زائرین 23 مارچ 2027 تک سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے، جبکہ تمام عمرہ زائرین کے لیے 7 اپریل 2027 تک مملکت سے روانگی لازمی ہوگی۔

حکام کے مطابق زائرین اب سعودی حکومت کی “نسک” ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ پرمٹ اور مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت حاصل کر سکیں گے۔ نسک پلیٹ فارم عمرہ اور حج سے متعلق تمام اہم خدمات، بکنگ، رہنمائی اور اجازت ناموں کے لیے مرکزی ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کر رہا ہے۔

سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں عمرہ خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دیا ہے۔ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک پرمٹس، خودکار معاہداتی نظام اور کیو آر کوڈ تصدیق جیسی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ زائرین کو زیادہ آسان، محفوظ اور منظم خدمات فراہم کی جا سکیں۔

سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت حج و عمرہ کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بڑھتی ہوئی تعداد میں آنے والے زائرین کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا اور ان کے سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *