Connect with us

صحت

موسیقی، کتابیں اور آرٹ بڑھاپا سست کر سکتے ہیں، نئی تحقیق کا حیران کن انکشاف

Published

on

برطانیہ کے یونیورسٹی کالج لندن کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ موسیقی، کتابیں اور فنونِ لطیفہ سے وابستگی بڑھاپے کی رفتار کو سست کر سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق آرٹ اور ثقافتی سرگرمیاں نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں بلکہ انسانی جسم پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔

11 مئی کو جریدے ’’انوویشن اِن ایجنگ‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا کہ آیا فنونِ لطیفہ اور جسمانی سرگرمیاں حیاتیاتی بڑھاپے کے عمل پر اثر انداز ہوتی ہیں یا نہیں۔

اس تحقیق میں برطانیہ کے 3556 بالغ افراد کے سروے اور خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے شرکا کی آرٹ، موسیقی، کتابوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں دلچسپی کا موازنہ ڈی این اے میں ہونے والی ان کیمیائی تبدیلیوں سے کیا جو بڑھاپے کی رفتار پر اثر ڈالتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق جو افراد باقاعدگی سے موسیقی سنتے، کتابیں پڑھتے یا آرٹ گیلریوں اور عجائب گھروں کا رخ کرتے تھے، ان میں بڑھاپے کی رفتار نسبتاً کم دیکھی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے میں کم از کم ایک بار فنونِ لطیفہ سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں میں بڑھاپے کی رفتار تقریباً 4 فیصد کم دیکھی گئی، جو ورزش کے فوائد سے مشابہ تھی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ فنونِ لطیفہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد حیاتیاتی طور پر اوسطاً ایک سال کم عمر دکھائی دیے، جبکہ باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد آدھا سال کم عمر نظر آئے۔

مرکزی مصنفہ پروفیسر ڈیزی فانکورٹ کے مطابق یہ تحقیق اس بات کا ثبوت ہے کہ فنونِ لطیفہ انسانی صحت اور بڑھاپے پر مثبت اثرات رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹ، موسیقی اور مطالعہ جیسے مشاغل ذہنی دباؤ کم کرتے، جسمانی سوزش گھٹاتے اور دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ مختلف قسم کی ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے کیونکہ ان میں جسمانی، ذہنی، جذباتی اور سماجی سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں جو مجموعی صحت کو بہتر بناتی ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *