سیاست
پنکی کوکین نیٹ ورک میں 30 سیاستدانوں کے نام آنے کا دعویٰ، خفیہ رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش
کراچی میں بین الصوبائی منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ کوکین نیٹ ورک کے خریداروں کی فہرست میں تقریباً تیس معروف سیاستدانوں کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے تحقیقاتی پیشرفت رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار کو پیش کر دی ہے، جس کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کو دی جانے والی اس خفیہ رپورٹ میں پنکی کوکین نیٹ ورک کے اہم گاہکوں اور نیٹ ورک کے طریقۂ کار کی تفصیلات شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک کراچی کے بااثر اور اہم حلقوں تک مہنگی منشیات پہنچا رہا تھا، جبکہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لگ بھگ تیس سیاستدان بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمہ پنکی اپنے سگے بھائی شوکت کے ذریعے کراچی میں کوکین کا کاروبار چلا رہی تھی، جبکہ نیٹ ورک کے مرکزی ہینڈلرز کی شناخت حمزہ، عداس اور عاقب کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گینگ کے آٹھ اہم رائیڈرز کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد اور وہاڑی سے ہے، جبکہ صبا اور انعم عرف اینا نامی خواتین مبینہ طور پر منشیات ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا کام کرتی تھیں۔
گذشتہ روز پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمہ کے گھر کے باتھ روم سے لاکھوں روپے مالیت کی مزید کوکین برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
دوسری جانب پولیس نے نیٹ ورک کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملزمہ کے دو سابق شوہروں اور دو بھائیوں کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
حکام کے مطابق ان افراد کے نام سفری پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
