صحت
گرمیوں میں تربوز کھاتے وقت احتیاط ضروری، ماہرینِ صحت کی اہم وارننگ
گرمیوں کے موسم میں ٹھنڈا تربوز لوگوں کی پسندیدہ غذا تصور کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ دنوں میں تربوز کے استعمال سے متعلق بعض واقعات کے بعد اس کی حفاظت اور صفائی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق تربوز بذاتِ خود محفوظ اور صحت بخش پھل ہے، لیکن اسے کاٹنے کے بعد درست انداز میں محفوظ نہ رکھا جائے تو اس میں بیکٹیریا تیزی سے پیدا ہو سکتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ تربوز میں پانی اور قدرتی مٹھاس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے گرم موسم میں جراثیم اس میں تیزی سے افزائش پا سکتے ہیں، خاص طور پر اگر کٹا ہوا تربوز زیادہ دیر تک کھلے ماحول میں رکھا جائے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آلودہ تربوز بچوں، بزرگوں اور کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کیلئے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے محفوظ استعمال کیلئے چند اہم ہدایات بھی جاری کی ہیں، جن میں تربوز کو کاٹنے سے پہلے اچھی طرح دھونا، ہاتھوں اور چاقو کو صاف رکھنا، اور کٹے ہوئے ٹکڑوں کو فوری طور پر ایئر ٹائٹ کنٹینر میں رکھ کر فریج میں محفوظ کرنا شامل ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ پہلے سے کٹا ہوا اور باہر رکھا گیا تربوز کھانے سے گریز کیا جائے کیونکہ کھلے ماحول میں رکھا گیا پھل آسانی سے آلودگی کا شکار ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر صفائی اور اسٹوریج کے اصولوں پر عمل کیا جائے تو تربوز گرمیوں میں نہ صرف محفوظ بلکہ انتہائی صحت بخش غذا ثابت ہوسکتا ہے۔
