سیاست
پی ڈی ایم اے کا بڑا اقدام، شمالی وزیرستان و خوست کے متاثرین کیلئے 71 کروڑ روپے سے زائد امداد جاری
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرہ خاندانوں کیلئے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں مجموعی طور پر 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے جاری کیے گئے ہیں، جس سے 17 ہزار 788 متاثرہ خاندان مستفید ہوں گے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد امداد دی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ 8 ہزار روپے مالیت کا ماہانہ فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ متاثرین کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی رقوم کی تقسیم موبائل سمز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور رقم براہِ راست مستحق خاندانوں تک پہنچ سکے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ امدادی فنڈز کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فنڈز صرف جولائی اور اگست 2025 کے عرصے کیلئے مختص ہیں جبکہ غیر تقسیم شدہ رقم اور سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروانا ہوں گے۔
اعلامیے میں متعلقہ حکام کو مکمل ریکارڈ اور آڈٹ تفصیلات پی ڈی ایم اے کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ امدادی عمل میں شفافیت اور احتساب برقرار رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا اور انہیں بروقت خوراک اور مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
