سیاست
نئی دہلی کے ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، 21 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں واقع ایک ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی حکام کے مطابق بدھ کی صبح “فلورش اسٹے بی اینڈ بی” نامی ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی دہلی فائر سروس کی متعدد گاڑیاں، واٹر ٹینکرز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے عمارت میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دو خواتین کو جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
ریسکیو حکام نے 40 سے زائد افراد کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا جبکہ متعدد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی رہی اور بعد ازاں حکام نے 21 افراد کی موت کی تصدیق کردی۔
ذرائع کے مطابق ہوٹل کو صرف 6 کمروں کے آپریشن کی اجازت دی گئی تھی، تاہم مبینہ طور پر وہاں 25 کمرے چلائے جا رہے تھے، جن میں کچھ تہہ خانے میں بھی قائم تھے۔ اس انکشاف کے بعد حفاظتی ضوابط اور لائسنس کی خلاف ورزیوں سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
