سیاست
ایرانی چالاک مذاکرات کار ہیں، مگر تمام پتے ہمارے ہاتھ میں ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بہت چالاک مذاکرات کار ہیں، تاہم تمام مضبوط پتے امریکا کے ہاتھ میں ہیں۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو امریکا کے لیے فائدہ مند نہ ہو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے اور امریکا مذاکرات میں مضبوط پوزیشن رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ امریکا نے ایران کی فوج کو مکمل طور پر نشانہ نہیں بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت موجود تھی، لیکن امریکا نے اس صلاحیت کو ختم کر دیا۔
انہوں نے عراق جنگ کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ عراق پر حملہ ایک بڑی غلطی تھی اور امریکا کو وہاں نہیں جانا چاہیے تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ جنگوں میں بعض اوقات غلط فیصلے ہو جاتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران میں بھی مداخلت نہیں کرنی چاہیے تھی، تاہم ان کے بقول اگر امریکا ایسا نہ کرتا تو ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں مزید 60 روز کی توسیع کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق معاہدے کا مسودہ امریکا کے اتحادی ممالک، بشمول اسرائیل، کو بھی بھیجا جا چکا ہے۔
