سیاست
ٹرمپ کا دعویٰ: امریکا حقیقی اقوامِ متحدہ بن چکا، 11 ماہ میں 8 جنگیں ختم کر دیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے صرف 11 ماہ کے دوران آٹھ جنگوں کا خاتمہ کر کے عملی طور پر “حقیقی اقوامِ متحدہ” کا کردار سنبھال لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی ختم ہو گئی ہے اور امید ظاہر کی کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد دونوں ممالک امن کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔
صدر ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امن کے لیے تیز اور منصفانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے جنگ بندی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنی سفارتی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ 11 ماہ کے دوران آٹھ جنگیں روکی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں فعال کردار ادا کر کے حقیقی اقوامِ متحدہ کی حیثیت اختیار کر لی ہے۔
امریکی صدر نے عالمی برادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جاری تنازعات کے حل کے لیے کسی اور کی جانب سے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے خاص طور پر روس اور یوکرین کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے روکنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آتی۔
صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کو دنیا بھر میں امن کے فروغ اور جنگوں کے خاتمے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
