سیاست
زیارت میں بڑا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 5 افغان مشتبہ دہشت گرد گرفتار
لیویز فورس نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 5 افغان مشتبہ دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ کارروائی سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ کے قریب کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسر کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق قندہار، افغانستان سے ہے۔ آپریشن لیویز فورس کی بروقت انٹیلی جنس اور فیلڈ ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ تھا، جس میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت بھی شامل تھی۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے، جن میں شامل ہیں:
11 ہینڈ گرینیڈز، 15 ایس ایم جی گرینیڈز، 3 سب مشین گنز، 2 ایم فور رائفلز (پارٹس کی صورت میں)، 9 ایم فور میگزینز، 14 ایس ایم جی میگزینز، 420 ایس ایم جی راؤنڈز، 230 ایم فور راؤنڈز، ایک کلو بارودی مواد، ایک گرینیڈ لانچر، 2 آر پی جی راکٹس، 6 وائرلیس سیٹس، 4 موبائل فونز، ایک ڈگر، 13 ایمونیشن بیگز، 16 پاور سیلز، ایک سوزوکی کیری وین، ایک موٹر سائیکل اور کالعدم ٹی ٹی پی کا لٹریچر۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس جیسی مقامی فورسز صوبے کے امن و استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کی قربانیاں اور بروقت اقدامات دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے، جس سے صوبے میں مزید دہشت گرد نیٹ ورکس کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔ یہ آپریشن بلوچستان میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
