سیاست
وزیراعظم شہباز شریف: صنعتی ترقی ملکی معاشی نمو اور روزگار کی ضمانت ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صرف صنعتی ترقی کے ذریعے ممکن ہے۔ یہ بات انہوں نے ملکی صنعتی ترقی پر نجی شعبے کی کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں صنعتکاروں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا، ’’کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صنعتی ترقی کے لیے نجی شعبے کی تجاویز لائق تحسین ہیں اور ان پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔‘‘
انہوں نے کاروباری برادری کی مشکل وقت میں حکومتی پالیسیوں کے ساتھ تعاون کو سراہا اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی معیشت بہتر سمت میں گامزن ہے، مگر ترقی کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد علی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور ثاقب شیرازی نے شرکت کی۔ صنعتی ورکنگ گروپ کے ارکان نے پاکستان کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے تجاویز پیش کیں، جن میں خطے کے ممالک سے موازنہ بھی شامل تھا۔
وزیراعظم نے نئی تجاویز کو قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ پاکستان کی صنعتی ترقی مزید مضبوط ہو سکے۔
