سیاست
نیب کی ریکارڈ کامیابی، 6 ماہ میں 547 ارب روپے کی وصولی
قومی احتساب بیورو (نیب) نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں 547 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ وصولی کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
نیب کی تازہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق، 33.532 ارب روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی اداروں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئیں۔ صرف اپریل سے جون 2025 کے دوران 453 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی گئی۔
ادارے نے مختلف فراڈ کیسز کے متاثرین کو اربوں روپے واپس کیے۔ ایڈن کیس میں 3.2 ارب روپے 11,880 متاثرین میں تقسیم کیے گئے، جبکہ راولپنڈی کے بڑے چیٹنگ کیس میں 3 ارب روپے 17,214 افراد کو واپس کیے گئے۔
ملک بھر میں بڑی جائیدادوں کی برآمدگی بھی عمل میں آئی۔ نیب لاہور نے پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9.3 ارب روپے مالیت کی آٹھ جائیدادیں برآمد کیں۔ نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں 29 ارب روپے مالیت کی زمین سی ڈی اے کے حوالے کی، جبکہ نیب سکھر نے محکمہ تعلیم و خواندگی سندھ کی 127 کنال 15 مرلہ زمین اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین برآمد کی۔
حکام کے مطابق یہ وصولیاں ملک میں احتساب اور مالی انصاف کے فروغ میں اہم سنگ میل ہیں۔
