Connect with us

سیاست

شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 60 سے زائد افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

Published

on

عراق کے شہر الکوت میں واقع کارنیش ہائپر مارکیٹ مال میں بدھ کے روز ایک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے پانچ منزلہ عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی حکام کے مطابق کم از کم 60 افراد جاں بحق جبکہ 11 لاپتہ ہیں، جب کہ متعدد زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

یہ شاپنگ مال صرف پانچ دن قبل ہی کھولا گیا تھا اور واقعے کے وقت خریداروں سے بھرا ہوا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جبکہ فائر فائٹرز رات بھر آگ بجھانے میں مصروف رہے۔

محکمہ صحت کے اہلکاروں نے بتایا کہ زیادہ تر لاشیں جھلس چکی ہیں اور ان کی شناخت مشکل ہو گئی ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا، “59 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ ایک لاش اتنی جھلس چکی ہے کہ ناقابل شناخت ہے۔”

گورنر محمد المیاحی نے اس واقعے کو “قومی سانحہ” قرار دیتے ہوئے بلڈنگ مالک اور مال آپریٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں کے اندر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ یا ائیر کنڈیشنر پھٹنے سے لگی، تاہم حکام حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کو بھی نظر انداز نہیں کر رہے۔ مال میں ایمرجنسی راستوں کی کمی اور آگ بجھانے کے ناقص انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر ناصر القریشی، جنہوں نے اپنے پانچ اہل خانہ کھو دیے، نے افسوس سے بتایا: “ہم صرف کھانے کے لیے گئے تھے، اور آگ میں پھنس گئے۔”

ریسکیو ٹیمیں اب بھی لاشیں نکالنے اور زخمیوں کی مدد میں مصروف ہیں، جب کہ پورے ملک میں غم اور سوگ کی فضا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *