سیاست
حوثیوں کا اسرائیل پر میزائل حملے کا دعویٰ، بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہاز رانی پر مکمل پابندی کا اعلان
یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر میزائل حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہاز رانی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی جہازوں کے بحیرہ احمر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس اعلان کے بعد اسرائیل سے متعلق تمام بحری نقل و حرکت حوثی افواج کے لیے جائز فوجی ہدف تصور کی جائے گی۔
یحییٰ ساری نے دعویٰ کیا کہ حوثی فورسز نے اسرائیل کے حساس اہداف پر متعدد میزائل داغے اور یہ حملے اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ یمن سے اسرائیلی علاقے کی جانب ایک میزائل داغے جانے کی نشاندہی ہوئی تھی، جسے روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے دوران حوثیوں نے بحیرہ احمر میں کئی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑے تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بحیرہ احمر میں کشیدگی میں اضافے سے عالمی تجارت، تیل کی ترسیل اور بین الاقوامی شپنگ سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ خطے میں جاری تنازع مزید پیچیدہ شکل اختیار کر سکتا ہے۔
