سیاست
گلگت کی حالت دیکھ کر دل دکھی ہوا، یہ سب کیسے ہونے دیا گیا؟ نواز شریف کا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا وعدہ
گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے گلگت میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی خراب حالت پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ کئی برس بعد گلگت بلتستان آ کر انہیں خوشی ہوئی، تاہم گلگت ایئرپورٹ سے شہر تک سفر کے دوران سڑکوں کی ابتر حالت دیکھ کر انہیں شدید دکھ پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ نہیں سکتے کہ عوامی فلاح کے لیے مختص وسائل کے باوجود یہ صورتحال کیسے پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ترقیاتی فنڈز درست انداز میں استعمال کیے جاتے تو آج گلگت بلتستان کی شکل مختلف ہوتی۔ نواز شریف نے یاد دلایا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوارِ حکومت میں ملک بھر میں سڑکوں، بجلی گھروں، اسپتالوں اور دیگر بنیادی منصوبوں پر کام کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کسی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر سوال اٹھایا کہ اقتدار میں آنے والی حکومتوں نے گلگت بلتستان کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ کیوں نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگتی ہے۔
نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ ان کے دورِ حکومت میں گلگت سے سکردو کے درمیان سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہوا اور متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنا ان کا فرض تھا، کوئی احسان نہیں۔
انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے گلگت ایئرپورٹ کی توسیع اور بڑے تجارتی طیاروں کی آمدورفت کے لیے خصوصی اقدامات کی سفارش کریں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں عام انتخابات 7 جون کو منعقد ہو رہے ہیں اور تمام بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔
