Connect with us

سیاست

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

Published

on

کوئٹہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں اور ملک کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔

فیلڈ مارشل نے ادارے میں پیشہ ورانہ تربیت کے اعلیٰ معیار، فکری صلاحیت اور عسکری مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

انہوں نے جدید جنگ کے بدلتے ہوئے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے درمیان اشتراک اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنی فورسز کو مسلسل تربیت دیتے رہیں تاکہ بدلتے ہوئے جنگی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو سراہا۔

عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی تمام کوششیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔

انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل المدتی ترقی کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی بہبود، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *