کھیل
اجے دیوگن اور شاہد آفریدی کی پرانی تصویر پر نیا تنازع، بھارتی سوشل میڈیا میں شدید ردعمل
سوشل میڈیا پر پاکستان کے کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی اور بھارت کے معروف اداکار اجے دیوگن کی اسٹیڈیم میں ملاقات کی تصاویر وائرل ہوگئیں، جن میں دونوں شخصیات خوشگوار انداز میں ایک دوسرے سے بات چیت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تصاویر وائرل ہوتے ہی بھارتی انتہا پسند حلقوں نے اجے دیوگن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اُن پر بھارت دشمنی کے الزامات لگا دیے۔ بعض نے اس ملاقات کو حالیہ بھارت-پاکستان کشیدگی سے جوڑتے ہوئے جذبات بھڑکانے کی کوشش کی۔
تاہم حقیقت یہ ہے کہ یہ تصویر نئی نہیں بلکہ جولائی 2024 میں برمنگھم میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے دوران لی گئی تھی، جب دونوں شخصیات نے مختصر ملاقات کی تھی۔ اس وقت نہ صرف ماحول نسبتاً بہتر تھا بلکہ دونوں ممالک کے لیجنڈ کرکٹرز ایک ہی ایونٹ میں شریک تھے۔
کچھ بھارتی شہریوں نے بھی سچائی کو تسلیم کرتے ہوئے تصویر کی درست تاریخ اور سیاق و سباق کو واضح کیا، جبکہ انتہا پسند حلقے اب بھی اس پر سیاست کر رہے ہیں۔
