Connect with us

کھیل

پاکستانی کرکٹ کی تاریخ رقم, ثناء میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

Published

on

پاکستان کی سابق خواتین کرکٹ کپتان ثناء میر نے ایک اور تاریخ رقم کر دی، وہ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ یہ اعلان لندن کے تاریخی ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں ہونے والی خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا۔

انہیں 2024 کے جن سات عالمی کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ شامل کیا گیا، ان میں ایم ایس دھونی (بھارت)، گریم اسمتھ اور ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)، میتھیو ہیڈن (آسٹریلیا)، ڈینیئل ویٹوری (نیوزی لینڈ)، اور سارہ ٹیلر (انگلینڈ) شامل ہیں۔

ثناء میر نے 2005 سے 2020 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 226 بین الاقوامی میچز کھیلے، 151 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں (پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ)، اور 2,400 سے زائد رنز بنائے۔ 2018 میں وہ آئی سی سی کی نمبر ون ون ڈے بولر بھی رہ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا
“ایک بچی کے طور پر یہ خواب بھی نہیں دیکھ سکتی تھی کہ ایک دن خواتین کی ٹیم بنے گی، آج ان لیجنڈز کے ساتھ کھڑے ہونا اعزاز سے کم نہیں۔”

ثناء نے دو ایشین گیمز (2010 اور 2014) میں پاکستان کو گولڈ میڈلز جتوائے، پانچ ٹی20 ورلڈ کپ اور دو 50 اوورز ورلڈ کپ میں قیادت کی۔ انہوں نے ICC ویمنز کمیٹی میں بھی خدمات انجام دیں اور خواتین کے مسائل، ذہنی صحت، اور مثبت جسمانی خود اعتمادی پر کام کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا
“ثناء میر نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ یہ ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور خواتین کرکٹ کے لیے ایک نئی راہ متعین ہوئی ہے۔”

آئی سی سی نے ان کی شاندار کارکردگی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “وہ ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے کرکٹ کی تاریخ بنائی اور نئی نسلوں کو متاثر کیا۔”

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *