کھیل
برازیل اور امریکا کی خواتین فٹبال ٹیموں کے میچ میں ہنگامہ، 8 ریڈ کارڈز جاری
برازیل اور امریکا کی خواتین فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا دوستانہ میچ ایک غیر معمولی اور ہنگامہ خیز مقابلے میں تبدیل ہوگیا، جہاں مجموعی طور پر آٹھ ریڈ کارڈز دکھائے گئے۔
برازیل کے شہر فورٹالیزا میں ہونے والے اس میچ میں امریکا نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ میچ کا واحد گول سوفیا ولسن کے شاٹ پر ہوا جو برازیل کی ڈیفنڈر اسابیلا شاگاس سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچا۔
میچ کے دوران کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب برازیل کے ہیڈ کوچ آرتھر ایلیاس اور ان کے تین معاونین کو ریفری نے میدان سے باہر بھیج دیا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔
برازیل کی فارورڈ بیا زانیراٹو کو دوسرے پیلے کارڈ کے بعد ریڈ کارڈ دکھایا گیا جبکہ تارسیانے کو ایک امریکی کھلاڑی کو کہنی مارنے پر میدان بدر کر دیا گیا۔ میچ ختم ہونے کے بعد بھی تنازع جاری رہا اور مزید دو کھلاڑیوں کو ریفری سے بحث اور غیر مناسب رویے پر ریڈ کارڈز دیے گئے۔
صورتحال اس قدر سنگین ہوگئی کہ پولیس کے خصوصی دستے کو حفاظتی حصار بنا کر ریفری اور دیگر میچ آفیشلز کو میدان سے باہر لے جانا پڑا۔ اس وقت اسٹیڈیم میں 55 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے۔
امریکی ٹیم کی کوچ ایما ہیز نے کہا کہ انہوں نے اپنی کوچنگ کیریئر میں اتنے ریڈ کارڈز والا میچ کبھی نہیں دیکھا، جبکہ امریکی مڈفیلڈر لنڈسے ہیپس نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ایسی صورتحال دوبارہ دیکھنے کو نہیں ملے گی۔
