کھیل
امریکا نے ایران کے ورلڈ کپ ٹکٹ کوٹے کو منسوخ کر دیا، ایرانی فٹبال فیڈریشن کا اعتراض
ایرانی فٹبال فیڈریشن نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے فیفا قوانین کے تحت ایران کے لیے مختص کیے گئے ورلڈ کپ ٹکٹوں کا کوٹا منسوخ کر دیا ہے، جس سے ایرانی شائقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق فیفا کے ضوابط کے تحت ورلڈ کپ کے ہر میچ کے لیے شریک ممالک کی فٹبال فیڈریشنز کو مجموعی ٹکٹوں کا تقریباً 8 فیصد حصہ مختص کیا جاتا ہے تاکہ قومی ٹیموں کے حامی میچز میں شرکت کر سکیں۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے مختص ٹکٹ واپس لے لیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کے شائقین کو ٹکٹ فراہم کرنا ممکن نہیں رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ مرحلے کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا تھا اور متعدد ایرانی شائقین سفری انتظامات بھی مکمل کر چکے تھے، تاہم کوٹا منسوخ ہونے سے ان کی منصوبہ بندی متاثر ہوئی ہے۔
فیڈریشن نے اس اقدام کو شریک ممالک کے درمیان مساوات، غیرجانبداری اور انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے فیفا اور ورلڈ کپ منتظمین سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فٹبال ادارہ اور منتظمین ایرانی شائقین کو دیگر ممالک کے شائقین کی طرح میچز میں شرکت کے مساوی مواقع فراہم کریں اور اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
