کھیل
ویرات کوہلی کا 2027 عالمی کپ سے متعلق بڑا بیان سامنے آ گیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بالآخر بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مستقبل اور 2027 عالمی کپ کھیلنے کے امکان پر خاموشی توڑ دی ہے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے 37 سالہ بھارتی بلے باز نے کہا کہ ان کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ اگر انہیں محسوس ہوا کہ وہ ٹیم کے لیے کچھ بہتر کر سکتے ہیں یا مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں تو وہ ضرور عالمی کپ میں نظر آئیں گے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کبھی انہیں لگا کہ اب انہیں اپنی اہمیت ثابت کرنا پڑ رہی ہے، تو پھر صورتحال مشکل ہو جائے گی۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے کھیل کے ساتھ ایماندار رہے ہیں، خاموشی سے محنت کرتے ہیں اور خدا کے شکر گزار ہیں کہ انہیں کرکٹ میں اتنا بڑا مقام ملا۔
بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ اگر ٹیم چاہے کہ وہ ایک روزہ میچ میں چالیس اوورز تک باؤنڈری سے باؤنڈری دوڑیں تو وہ بغیر کسی شکایت کے ایسا کریں گے۔
2027 عالمی کپ سے متعلق سوال کے جواب میں کوہلی نے کہا کہ بھارت کے لیے عالمی کپ کھیلنا ہمیشہ ان کے لیے اعزاز رہا ہے۔
انہوں نے کہا، “کوئی شخص اپنا گھر یا اپنا جنون کیسے چھوڑ سکتا ہے؟ میں اب بھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔”
