کھیل
فیفا ورلڈکپ: امریکا نے شائقین کیلئے ویزا بانڈ ختم کردیا
امریکا نے 2026 فیفا ورلڈکپ کے ٹکٹ رکھنے والے غیر ملکی شائقین کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بھاری ویزا بانڈ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈکپ ٹکٹ ہولڈرز کو اب 5 ہزار سے 15 ہزار ڈالر تک کے مہنگے ویزا بانڈ ادا نہیں کرنا ہوں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے قونصلر امور مورا نامدار کے مطابق وہ شائقین جنہوں نے 15 اپریل 2026 تک ورلڈکپ ٹکٹ خریدے اور فیفا پاس پروگرام میں رجسٹریشن مکمل کی، انہیں اس بانڈ پالیسی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
یہ ویزا بانڈ پالیسی گزشتہ سال اگست میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے تحت 50 ممالک کے شہریوں کو عارضی امریکی ویزا حاصل کرنے کیلئے بھاری رقم بطور ضمانت جمع کرانا پڑتی تھی، جو امریکا سے واپسی پر واپس کردی جاتی تھی۔
امریکی حکام کے مطابق اس سے قبل کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کو بھی اس شرط سے استثنیٰ دیا جاچکا ہے، بشرطیکہ وہ دیگر سفری اور امیگریشن شرائط پوری کرتے ہوں۔
مورا نامدار نے کہا کہ امریکا قومی سلامتی کے تقاضوں کو برقرار رکھتے ہوئے ورلڈکپ کے دوران قانونی سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، تاہم تمام ٹکٹ ہولڈرز کو معمول کے ویزا اور سیکیورٹی چیک سے گزرنا ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 2026 فیفا ورلڈکپ کے دوران تقریباً ایک کروڑ غیر ملکی شائقین کی امریکا آمد متوقع ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کا آغاز 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے مختلف شہروں میں ہوگا۔
دوسری جانب ناقدین نے ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے ’’سب سے زیادہ شمولیتی ورلڈکپ‘‘ کے دعوے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
