Connect with us

ٹیکنالوجی

اگر ایک ٹریلین ڈالر کا پے پیکیج منظور نہ ہوا تو میں ٹیسلا چھوڑ سکتا ہوں، ایلون مسک کا انتباہ

Published

on

ٹیسلا کی چیئرپرسن رابن ڈین ہولم نے پیر کے روز شیئر ہولڈرز کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ اگر ایلون مسک کے لیے مجوزہ ایک ٹریلین ڈالر مالیت کے پے پیکیج کو منظور نہ کیا گیا تو مسک ٹیسلا کی سی ای او شپ چھوڑ سکتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ یہ پیکیج پرفارمنس پر مبنی ہے، جس کا مقصد مسک کو کم از کم ساڑھے سات سال مزید کمپنی کی قیادت پر آمادہ رکھنا ہے۔

ڈین ہولم کے مطابق، مسک کی قیادت اور وژن ٹیسلا کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہیں، خاص طور پر اس وقت جب کمپنی مصنوعی ذہانت  اور خودکار ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی قیادت حاصل کرنے کی دوڑ میں ہے۔

رپورٹ کے مطابق، مجوزہ پیکیج میں 12 حصوں پر مشتمل اسٹاک آپشنز شامل ہیں جو مختلف اہداف سے منسلک ہوں گے، جن میں 8.5 ٹریلین ڈالر مارکیٹ ویلیو اور خودکار گاڑیوں و روبوٹکس میں پیش رفت شامل ہے۔

ڈین ہولم نے شیئر ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ اس پیکیج کی منظوری دیں اور ان تین ڈائریکٹرز کو دوبارہ منتخب کریں جو طویل عرصے سے مسک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈیلاویئر کی عدالت نے 2018 میں دیے گئے مسک کے پے پیکیج کو کالعدم قرار دیا تھا، یہ کہتے ہوئے کہ وہ غیر آزاد ڈائریکٹرز کے ذریعے غلط طریقے سے طے کیا گیا تھا۔