اہم خبریں
پاک بحریہ کا بڑا دفاعی کارنامہ: کروز میزائل ‘تیمور’ کا کامیاب تجربہ
پاک بحریہ نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطحِ سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل “تیمور” کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تجربے کے دوران میزائل نے سمندر میں موجود اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا، جس سے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جدید جنگی مہارت کا عملی مظاہرہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل طویل فاصلے سے ہدف کو کامیابی سے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں درپیش خطرات کی بروقت نشاندہی اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
“تیمور” ایک جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے جو مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے، اور اسے پاکستان کی دفاعی خودمختاری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کامیاب تجربے سے نہ صرف بحریہ بلکہ مسلح افواج کی مجموعی دفاعی صلاحیتوں کو بھی تقویت ملی ہے۔
ملکی قیادت، بشمول صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت کو سراہا۔
پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک کی سمندری حدود اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
