کھیل
بابر اعظم کا بدقسمت ریکارڈ، شاہد آفریدی کے ساتھ سب سے زیادہ زیرو پر آؤٹ ہونے کا اعزاز برابر
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بدقسمتی سے ایک ایسا ریکارڈ برابر کر دیا جو کوئی بلے باز نہیں چاہتا۔ بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہو کر شاہد آفریدی کے ساتھ آٹھ مرتبہ زیرو پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ برابر کر گئے۔
بابر صرف دو گیندوں کا سامنا کر سکے اور کوربن بوش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ان پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا “اعزاز” حاصل کیا ہے۔
اسی فہرست میں عمر اکمل، صائم ایوب اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔
میچ کے دوران پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر جدوجہد کرتی نظر آئی۔ 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اور یوں 55 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ کے کوربن بوش نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب (37) اور نواز (36) نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
