اہم خبریں
امریکا کا ایران کے خلاف سخت مؤقف، ایٹمی پروگرام پر انتباہ، آبنائے ہرمز میں ناکا بندی مزید سخت
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنا سکتا اور اس کے لیے بہتر یہی ہے کہ ایک مناسب معاہدہ کر لے۔
پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس مذاکرات کی میز پر دانشمندی سے فیصلہ کرنے کا واضح موقع موجود ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی اس حوالے سے بالکل واضح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور اب تک چونتیس بحری جہازوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف مکمل ناکا بندی نافذ ہے جسے مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے اور عالمی جہاز رانی پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ایرانی بندرگاہوں سے نکلنے والے متعدد جہازوں کو قبضے میں لیا گیا ہے۔
امریکی حکام نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا، جس سے خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔
