اہم خبریں
وفاقی بجٹ برائے مالی سال 27-2026 کل پیش کیا جائے گا، قومی اسمبلی کا ایجنڈا جاری
اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی حکومت کل (جمعہ) مالی سال 27-2026 کا سالانہ بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی، جس کا باقاعدہ ایجنڈا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے جاری کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کا یہ اہم ترین اجلاس جمعہ کی سہ پہر 3:00 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک، حدیثِ مبارکہ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے کیا جائے گا، جس کے فوراً بعد وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ ایجنڈے کے مطابق وزیر خزانہ نئے مالی سال کے سالانہ بجٹ اسٹیٹمنٹ، بشمول مالی سال 26-2025 کے ترمیمی تخمینے اور مطالباتِ زر ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ اسی اجلاس کے دوران وزیر خزانہ وفاقی حکومت کی مالیاتی تجاویز کو قانونی شکل دینے اور ٹیکس قوانین میں ترامیم کے لیے “فنانس بل 2026” ایوان میں متعارف کرائیں گے، جو یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ بجٹ اجلاس کے پیشِ نظر پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
