اہم خبریں
پاکستان کا خلا میں نیا کارنامہ, جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں پہنچا
پاکستان نے خلا کی دنیا میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا، جب سپارکو نے اعلان کیا کہ پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے ژیچانگ لانچ سینٹر سے کامیابی سے مدار میں بھیج دیا گیا ہے۔
جدید امیجنگ ٹیکنالوجی سے لیس یہ سیٹلائٹ سیلاب، زلزلے، برفانی تودے، اور زمینی کٹاؤ جیسے قدرتی آفات کی پیشگوئی اور ردعمل میں مدد دے گا۔ بنجر زمین، پانی کی قلت، اور شہری منصوبہ بندی کے لیے بھی یہ معاون ہوگا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لانچ کو “پاکستان کی ایک اور ‘اُڑان'” قرار دیا اور کہا کہ پاکستان 2035 تک چاند پر پہنچنے کا عزم رکھتا ہے اور اگلے سال ایک پاکستانی خلا باز بھیجے جانے کا منصوبہ ہے۔
دفتر خارجہ نے اسے “ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کا تاریخی سنگِ میل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشن پاکستان کے ویژن 2047 اور پائیدار ترقی کے وعدوں کی عکاسی کرتا ہے۔
