اہم خبریں
مریم نواز کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے 24 اضلاع کے لیے 240 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ تیار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں جنوبی پنجاب کے 24 اضلاع میں 240 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صرف بڑے شہروں کو سہولیات دینا اب ناقابل قبول ہے — “تمام اضلاع میرے لیے برابر ہیں”۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 240 بسیں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو دی جائیں گی جبکہ اگست سے اکتوبر کے درمیان لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی اور بہاولپور میں مزید 500 الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی۔
سال کے اختتام تک پنجاب میں مزید 600 الیکٹرک بسیں متوقع ہیں جن میں سے 400 بسیں لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور قصور میں پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت چلائی جائیں گی۔
اجلاس میں گوجرانوالہ بی آر ٹی منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت راہوالی سے ایمان آباد تک 22 کلومیٹر طویل بس سروس چلے گی، جس میں 28 اسٹیشنز اور 80 فیڈر بسیں شامل ہوں گی۔
فیصل آباد میں ریڈ لائن اور اورنج لائن منصوبے بھی زیر غور آئے۔ ریڈ لائن روزانہ 1.85 لاکھ جبکہ اورنج لائن 1.11 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت دے گی۔ مریم نواز نے ریڈ لائن کا روٹ فیسڈمک سے سلامی چوک تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے تمام روٹس کو عوامی ضرورت اور آسانی کے مطابق فوری حتمی شکل دینے اور منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی۔
