اہم خبریں
ہونڈا اور نسان کا اتحاد, عالمی آٹو انڈسٹری میں نئی تاریخ رقم ہونے کو تیار
عالمی آٹو انڈسٹری میں ایک تاریخی اقدام کے تحت ہونڈا اور نسان نے پیر کو انضمام کے معاہدے کا اعلان کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں جون 2025 تک ایک مشترکہ ہولڈنگ کمپنی قائم کریں گی۔
یہ اتحاد دنیا کے تیسرے بڑے آٹو میکر گروپ کی تشکیل کا باعث بنے گا، جو فروخت کے لحاظ سے صرف ٹویوٹا اور ووکس ویگن کے پیچھے ہوگا۔
ہونڈا، جس کی مارکیٹ ویلیو 40 ارب ڈالر ہے، اس ہولڈنگ کمپنی میں اکثریتی شیئر رکھے گا۔ اتحاد میں مٹسوبیشی موٹرز بھی شامل ہوگی، جس سے اس گروپ کی سالانہ فروخت 8 ملین گاڑیوں سے تجاوز کر جائے گی۔
یہ اعلان ان کمپنیوں کے درمیان طویل مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے، جو پہلے ہی الیکٹریفیکیشن اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں تعاون کے امکانات تلاش کر رہی تھیں۔
تاہم، سابق نسان چیئرمین کارلوس گھوسن نے اس اتحاد کی کامیابی پر شک ظاہر کیا ہے، لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ قدم انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گا۔
