موسم اور ماحول
ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے سندھ، جنوبی پنجاب اور اندرون بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ سات دنوں کے دوران جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پارہ 44 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں بھی اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
اندرون سندھ کے اضلاع حیدرآباد، جیکب آباد، دادو اور جامشورو کو شدید متاثرہ علاقوں میں شامل کیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں اور ہلکی بارش عارضی ریلیف فراہم کر سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی کے آغاز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے اور فوری طور پر کسی بڑے بارشی نظام کی توقع نہیں۔
شدید گرمی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ہیٹ ویو ریلیف کیمپ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے اسپتالوں میں خصوصی انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو ہدایت کی کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں، سر ڈھانپ کر رکھیں اور ممکنہ حد تک سایہ دار مقامات پر رہیں۔
طبی ماہرین نے شہریوں، خصوصاً بزرگ افراد، بچوں اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے مزدوروں کو صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک احتیاط برتنے اور براہ راست دھوپ سے بچنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
