موسم اور ماحول
گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگی، جس کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جبکہ شدید بارشیں گلیشیل جھیلوں کے پھٹنے، ملبے کے بہاؤ اور اچانک سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا سمیت متعدد علاقوں کو حساس قرار دیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور پہاڑی راستوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ اگر پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ، رنگ میں تبدیلی یا پتھروں کے ٹکرانے جیسی غیر معمولی آوازیں سنائی دیں تو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، جبکہ مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ رابطے میں رہنے پر زور دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
