Connect with us

سیاست

وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے رابطہ، صوبے میں امن و امان کیلئے تعاون ناگزیر قرار

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی سے ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان مؤثر تعاون کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی، امن و امان کی صورتحال اور جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخواہ کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی اشتراکِ عمل انتہائی ضروری ہے۔

شہباز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت کی کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کیلئے اپنے اداروں کو مزید مضبوط کرے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخواہ میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے وفاقی دائرہ اختیار کے مطابق مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت با اختیار ہے اور اسے آئینی ذمہ داریوں کے تحت عوامی فلاح، خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ سے خیبرپختونخواہ کے عوام کی بہتری کیلئے کوشاں رہی ہے اور مستقبل میں بھی صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *