Connect with us

سیاست

فارن فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے نئی مشکل، عدالت نے ایف آئی اے کو 2 دن کی مہلت دے دی

Published

on

اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے 2 دن کی مہلت دے دی ہے۔

کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، جب کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے طویل تاخیر پر سخت سوالات اٹھائے۔

جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ تفتیشی ادارہ اب تک کیا کر رہا ہے اور چالان مکمل کیوں نہیں ہو سکا۔ اس پر اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس میں متعلقہ ملک سے رائے حاصل کرنے کے لیے خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ 2022 سے زیرِ سماعت ہے، مگر تاحال اس میں سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔ جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ عدالت تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرنے کا حکم دینے پر غور کر رہی ہے۔

اس موقع پر اسپیشل پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک ہفتے یا 10 دن کی مہلت دی جائے تاکہ چالان مکمل کیا جا سکے، اور فی الحال شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا حکم نہ دیا جائے۔

جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں، تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ دو دن کے اندر اپنی کارکردگی دکھائیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *