سیاست
پاکستانیوں کے لیے یو اے ای کا پانچ سالہ ویزا, تعلقات میں ایک نیا باب

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے پانچ سالہ ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ خوش آئند اعلان یو اے ای کے سفیر حمد عبید الزعابی نے اپنے دورہ کراچی کے دوران کیا۔
یہ اعلان گورنر ہاؤس کراچی میں سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الریمیثی بھی شریک تھے۔ سفیر الزعابی کے مطابق ویزا سے متعلق تمام مسائل حل کر لیے گئے ہیں، جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے طویل المدتی ویزا کے حصول میں آسانی ہوگی۔
گورنر ٹیسوری نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سندھ، خاص طور پر کراچی میں یو اے ای کی سرمایہ کاری کو سراہا۔ انہوں نے اس فیصلے کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔
سفیر الزعابی نے گورنر کو کراچی میں قائم کیے گئے نئے یو اے ای ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے گورنر ہاؤس میں شجرکاری مہم اور پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس ویزا پالیسی کے تحت درخواست دہندگان کو واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، اگر ممکن ہو تو جائیداد کا ثبوت، اور 3,000 درہم کی واپسی قابل سیکورٹی جمع کرانا ہوگی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ عرصہ قبل پاکستانی پارلیمان کو بتایا گیا تھا کہ یو اے ای نے پاکستانیوں پر کوئی باضابطہ ویزا پابندی عائد نہیں کی۔