سیاست
سجاد خان ڈی آئی جی بنوں کی امن کمیٹیوں سے اہم میٹنگ، مقامی مشران کی بڑی شرکت

ریجنل پولیس آفیسر بنوں، ڈی آئی جی سجاد خان کی زیر صدارت ڈی آئی جی آفس میں ککی قومی اتحاد، خوجڑی قوم اور بھرت قوم کی امن کمیٹیوں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بڑی تعداد میں علاقائی مشران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع بنوں میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور مستقبل کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اجلاس کے دوران حالیہ واقعات پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی، جبکہ مقامی کمیٹیوں کی جانب سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
علاقائی مشران نے اجلاس میں عوامی مسائل اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ماہانہ بنیادوں پر رابطہ اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا تاکہ پولیس اور مقامی قیادت کے درمیان روابط مضبوط اور مؤثر رہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سجاد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے امن و امان بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ مقامی کمیٹیوں کی شرکت سے ہم مثبت نتائج حاصل کر رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم بنوں ریجن سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔