سیاست
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی ہے تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو سکیں۔
درخواست کی سماعت جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس کامران حیات میانخیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ فیصل جاوید نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیصل جاوید کے خلاف 16 ایف آئی آرز درج ہیں، تاہم ان کے خلاف ایف آئی اے میں کوئی کیس نہیں ہے۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے بھی بتایا کہ نیب میں ان کے خلاف کوئی انکوائری نہیں ہو رہی۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے ریمارکس دیئے کہ ’’ہم آپ کو وقت دے رہے ہیں، متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائیں۔‘‘
یہ فیصلہ فیصل جاوید کیلئے وقتی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو موجودہ سیاسی صورتحال میں متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔