Connect with us

سیاست

پاکستان کے آباد میدان، امن کا پیغام

Published

on

تحریر : ارم نیاز

رونق، موج، کھیل، مستیاں، خوشحالی ایک عرصے تک پاکستان سے روٹھی رہیں۔ طویل عرصے تک دہشتگردی کا شکار رہنے والے پاکستان کی عوام خوشیاں منانا بھول چکی تھی۔ بم دھماکوں کے خوف نے ایسا جکڑا کہ کوئی شخص بھی صبح نکلتا تو اہلخانہ کو گویا آخری الوداع کر کے نکلتا کہ کیا معلوم کسی بم دھماکے کا شکار ہو کر واپس نہ لوٹ سکوں۔ افسردہ ، بوجھل چہرے، بے رونق زندگی تھی۔
پاکستان مخالف قوتیں اس بات پر مسرور دکھائی دیتی تھیں کہ پاکستان کی عوام مایوس ہو چکی ہے، پاکستان کی رونقیں ماند پڑ چکی ہیں انکی زمینیں بنجر اور کھیلوں کے میدان ویران پڑے ہیں۔۔۔
پھر یوں ہوا کہ دہشتگردی کو شکست ہوئی اور عوام کی زندگی رواں دواں ہوئی۔ بازار پھر سے پر رونق ہو گئے، پھولوں اور روشنیوں کے شہر پھر سے جگمگا اٹھے۔
دہشتگردوں کی بیخ کنی کے بعد مرحلہ تھا دنیا کو باور کروانے کا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے۔ لیکن کیسے؟ اسکا سب سے بہترین حل تھا کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ آباد کرنا۔ کھیلوں جیسی صحتمند سرگرمیاں ہی یہ مثبت پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان پر امن ہے۔
اس ضمن میں کرکٹ کو سر فہرست رکھا گیا۔ پاکستان کی اکثریتی عوام کرکٹ کے میچز میں نہایت دلچسپی لیتی ہے۔ کرکٹ کے متوالوں کیلئے خوشی کا لمحہ دو دہائیوں بعد لوٹ آیا جب 29 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد کا عندیہ دیا گیا۔ اس ایونٹ کا شاندار انعقاد کا مقصد پاکستان کی عزت بڑھانا ہے۔ اس سے قبل 1996میں پاکستان نے آخری بارورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔
اس ایونٹ میں دنیا کی آٹھ صف اول کی ٹیموں کے ساتھ پاکستان کے تین شہروں اور دبئی میں کرکٹ کا میلہ سجنے کو ہے۔ ایونٹ کا باضابطہ افتتاح بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوا۔
دلوں کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے، جوش و جذبہ عروج پر پہنچ جاتا ہے جب اپنے ہی ملک میں اہم ایونٹ کے موقع پر قومی ترانے پڑھا جا رہا ہو اور عین اس وقت پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم فضاء میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے ہوئے پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتی گزرے۔ شائقین کرکٹ کے یاداشتوں میں یہ لمحہ طویل عرصے تک محفوظ رہے گا۔
شیردل ٹیم نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا۔ جے ایف 17، ایف 16 اور شیردل شاہینوں نے جہاں پوری قوم کا لہو گرمایا وہیں اس فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کو پیغام دیا کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاکستان میں کھیلوں کے آباد میدان یقیناً دشمنان پاکستان کو بے چین کیے ہوئے ہیں۔ وہ جو امن کے خواہاں نہ تھے، اب کھیلوں کے میدانوں میں پاکستان کو آگے بڑھتا دیکھیں گے۔ یہ ایونٹ پاکستان کا پرامن، روشن، زندہ دل اور مہمان نواز چہرہ دنیا کے سامنے لائے گا۔ اس ایونٹ کی کمایا ی سے پوری دنیا کو واضح پیغام جائے گا کہ پاکستان کھیلوں اور کھلاڑیوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔
دعا ہے کہ پاکستان کی رونقیں تاقیامت یونہی قائم رہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *