سیاست
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے نئے حراست بل کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دے دیا
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سوموار کو پیش کیے جانے والے ایک نئے بل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے تحت کسی بھی شخص کو 90 روز کے لئے حراست میں لیا جا سکے گا۔ جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راجا نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مخالف قوتیں حاوی ہو چکی ہیں اور پارلیمان نے اپنی طاقت ان قوتوں کے حوالے کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کو غیر مؤثر بنا دیا گیا ہے اور اب کوئی بھی قانون یا عدلیہ کا تحفظ باقی نہیں رہا۔ راجا نے عوام، وکلاء، اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور فسطائیت کے خلاف آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے پارٹی سطح پر احتجاج کیا تھا لیکن اب عوام کو بھی اپنے حقوق کے دفاع کے لئے نکلنا ہوگا۔
راجا نے حکومت کی قانون سازی پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی جماعتیں “کٹھ پتلیاں” ہیں اور حکم پر عمل کرتی ہیں، عوام کی نمائندگی نہیں کرتیں۔