سیاست
پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا آپریشن 11 جون سے شروع ہوگا، 342 پروازیں شیڈول
پاکستان میں حجاج کرام کی واپسی کا آپریشن 11 جون سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 88,000 سے زائد حجاج کو 342 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ پہلی پرواز منگل کی رات 11:50 بجے جدہ سے روانہ ہوگی اور بدھ کی صبح 3:00 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ واپسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ حجاج کو عزت و احترام کے ساتھ وطن واپس لایا جا سکے۔
پہلے مرحلے میں 11 جون کو اسلام آباد، لاہور، ملتان اور کراچی ایئرپورٹس پر 8 پروازیں پہنچنے کی توقع ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق واپسی کے اس مرحلے میں کل 342 پروازیں چلائی جائیں گی، جو کہ 10 جولائی تک جاری رہیں گی۔ ان پروازوں میں پی آئی اے، نجی ملکی ایئرلائنز اور سعودی ایئرلائنز شامل ہوں گی۔
فی الحال حجاج مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی جانب روانہ ہو رہے ہیں، جس کے بعد اگلے مرحلے میں مدینہ سے واپسی کی پروازیں شروع ہوں گی۔
آفتاب گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ حج مشن، سیکیورٹی فورسز اور عملہ مکمل طور پر متحرک ہے۔
دوسری جانب، پاکستانی حج مشن کو حج 2024 میں بہترین کارکردگی پر ایکسلنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں سال کے حج انتظامات کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔
