سیاست
مریم نواز نے فری سولر پینل سکیم کا افتتاح کر دیا، عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس سکیم کے تحت پنجاب کے وہ صارفین جن کا ماہانہ بجلی کا استعمال 200 یونٹ تک ہے، انہیں مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
سیکرٹری انرجی کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 550 واٹ اور 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا۔ رجسٹریشن کے لیے صارفین 8800 پر ایس ایم ایس یا “cmsolarscheme.punjab.gov.pk” پر اپلائی کر سکتے ہیں۔
سولر سسٹم کی شفاف تقسیم کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہوگی اور چوری سے بچاؤ کے لیے اسے صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔ اس سکیم سے نہ صرف 57 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی ہوگی بلکہ وفاقی حکومت پر سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف فراہم کرنا اور صوبے کے وسائل کو عوام کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔