سیاست
عمران خان کی رہائی پارلیمان اور عدالتوں سے نہیں، احتجاج سے ممکن ہے، احمد خان

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما احمد خان نیازی نے ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں منعقدہ ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی صرف پرامن عوامی احتجاج سے ممکن ہے، عدالتوں یا پارلیمان سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ دو سال سے قوم اور ملک کی آزادی کے لیے قید ہیں، اور ان کی رہائی پاکستان کی حقیقی آزادی کی علامت بن چکی ہے۔
احمد خان نیازی کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے بعد خیبر پختونخوا سے ایک ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس میں لاکھوں کارکن سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سمندر عمران خان کی رہائی کو یقینی بنائے گا۔
ورکرز کنونشن میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جو مسلسل ’عمران خان زندہ باد‘ اور ’ریاست بچاؤ، خان کو لاؤ‘ کے نعرے لگاتے رہے۔