سیاست
خیبر پولیس کی کامیاب کارروائی، اغوا شدہ بچی بازیاب، مرکزی ملزم گرفتار

خیبر پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پشاور کے علاقے سوڑیزئی پایان سے اغوا ہونے والی کمسن بچی کو بحفاظت بازیاب کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر، رائے مظہر اقبال کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ڈی ایس پی سوالزار خان کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے پشاور پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی گئی۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے اصل مرکزی ملزم تک رسائی حاصل کی۔
چورلکا چوک، کالا خیل میں چھاپے کے دوران مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم حسین ولد خیستہ جان، سکنہ اخا خیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کو حوالات منتقل کر کے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
یہ کارروائی پولیس کی بروقت اور موثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس سے ایک معصوم بچی کی زندگی محفوظ بنائی گئی۔