سیاست
بلوچستان میں 17 روز سے معطل ٹرین سروس بالآخر بحال ہوگئی

بلوچستان میں 17 روز سے معطل ٹرین سروس بالآخر بحال ہوگئی ہے، اور جعفر ایکسپریس کی پہلی ٹرین کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگئی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے جعفر ایکسپریس کو رخصت کیا۔
جعفر ایکسپریس 10 بوگیوں پر مشتمل ہے، اور اس میں 400 مسافر سوار ہیں۔ یہ ٹرین پشاور کے لیے روانہ ہوئی ہے، جبکہ پشاور سے بھی جعفر ایکسپریس کوئٹہ کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔
ملتان ریلوے اسٹیشن پر آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسافروں نے اپنے ٹرین کے سفر کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
جعفر ایکسپریس پر 11 مارچ کو کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے دو دن تک آپریشن کر کے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔