سیاست
آزادیٔ اظہار کی غیر محتاط تشریح اخلاقی اقدار کو کمزور کر رہی ہے, آرمی چیف جنرل عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024 کی تقریب میں کلیدی خطاب کیا۔ یہ تقریب اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔
جنرل عاصم منیر نے “امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار” کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی چیلنجز پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے غلط اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ، غیر ریاستی عناصر کے اثر و رسوخ، اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کو دنیا کے بڑے چیلنجز قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوانین کی عدم موجودگی میں غلط معلومات اور نفرت انگیز بیانات معاشرتی اور سیاسی ڈھانچے کو غیر مستحکم کر سکتے ہیں۔ آزادیٔ اظہار کی غیر محتاط تشریح اخلاقی اقدار کو کمزور کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے پاکستان کے علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے اہم کردار اور کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی، اور عالمی برادری کو متحد ہو کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔