سیاست
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی ہدایت پر صوبائی کابینہ تشکیل دے دی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے اراکین کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزراء، مشیروں اور معاونینِ خصوصی سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، اراکینِ اسمبلی، پارٹی قائدین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
صوبائی کابینہ میں شامل وزراء میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم خان، فضل شکور خان، خلیق الرحمٰن، ریاض خان، سید فخر جہاں، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں۔
جبکہ مشیروں میں مزمل اسلم اور تاج محمد کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اسی طرح معاونِ خصوصی کے طور پر شفیع جان کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کابینہ عمران خان کی مشاورت سے تشکیل دی گئی ہے، جس میں پارٹی نظم و نسق، تجربے اور مختلف اضلاع کی نمائندگی کو خصوصی طور پر مدِنظر رکھا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئی کابینہ صوبے میں گورننس، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
