سیاست
بالاکوٹ میں پولیس کی بروقت کارروائی، مغوی بچہ بازیاب، دو افغان اغواکار ہلاک
تحصیل بالاکوٹ کے علاقے ڈمگلہ کے قریب پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران کمسن مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افغان اغواکار ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 5 جون کو تھانہ بالاکوٹ میں کوہستان کالونی کی رہائشی خاتون نے اپنے ڈھائی سالہ بیٹے اور نند کے اغوا کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ بچے کی پھوپھی اسے دم کرانے کے لیے لے گئی تھی، لیکن دونوں واپس نہ آئے۔
اس دوران دبئی میں مقیم بچے کے والد کو نامعلوم افراد کی جانب سے تین کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی۔
پولیس نے جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کی لوکیشن کا پتہ لگایا اور ڈمگلہ کے قریب چھاپہ مارا، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو اغواکار مارے گئے اور مغوی بچہ اور خاتون کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں اغواکاروں کا تعلق افغانستان سے تھا، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
