سیاست
اسرائیلی وزیر خزانہ کا سعودی عرب سے متعلق بیان ’’نامناسب‘‘ قرار، معافی مانگ لی
اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ نے سعودی عرب سے متعلق اپنے متنازع بیان پر معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر ان کے بیان سے کسی کو دکھ یا تکلیف پہنچی ہے تو وہ افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
چند روز قبل سموتریچ نے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے بدلے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کرتا ہے تو سعودیوں کو ’’ریگستان میں اونٹوں پر سواری‘‘ جاری رکھنی چاہیے۔
اس بیان پر اسرائیل کے اندر شدید ردِعمل سامنے آیا۔ اپوزیشن لیڈر یائر لاپید نے عربی زبان میں ایکس پر لکھا کہ ’’سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ کے دوستوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ سموتریچ ریاستِ اسرائیل کی نمائندگی نہیں کرتے۔‘‘ انہوں نے وزیر خزانہ سے معافی کا مطالبہ کیا۔
سابق وزیرِ دفاع بینی گینٹز نے کہا کہ سموتریچ کے ریمارکس ’’جہالت اور احساسِ ذمہ داری کے فقدان‘‘ کی عکاسی کرتے ہیں۔
دباؤ کے بعد، سموتریچ نے وضاحت دی کہ ان کا تبصرہ ’’نامناسب‘‘ تھا اور انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے الفاظ نے اسرائیل کے دوست ممالک میں ناراضی پیدا کی۔
