سیاست
وزیراعظم شہباز شریف کا یو اے ای کا اہم دورہ، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی امور پر بات چیت متوقع

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کل ایک اہم سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔ اس دوران ان کی ملاقات یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی سلامتی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں ڈپٹی وزیراعظم، وفاقی وزراء اور دیگر سینئر حکام شامل ہیں۔
ابو ظہبی میں ہونے والی ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ 124,000 پوائنٹس پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ اور حکومت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں عام آدمی پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا جبکہ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکسوں میں کمی سے ریلیف دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکال کر معاشی استحکام کی جانب لے جانے کو “ایک معجزہ” قرار دیتے ہوئے اس سفر کو عوام کی قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا۔