سیاست
خیبر پختونخوا سے واپس آنے والی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو دی جائیں گی، محسن نقوی کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے واپس کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں فوراً بلوچستان بھجوائی جائیں گی۔
یہ فیصلہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سردار سر فراز بگٹی کی سوشل میڈیا پر کی گئی درخواست کے بعد کیا گیا، جس میں انہوں نے وفاق سے درخواست کی تھی کہ واپس آنے والی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں تاکہ صوبے میں انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
محسن نقوی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پیغام میں کہا
“سی ایم صاحب، ڈن۔ یہ بلٹ پروف گاڑیاں فوری طور پر بلوچستان بھیجی جا رہی ہیں تاکہ انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو بہتر بنایا جا سکے۔”
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حال ہی میں وفاقی وزارتِ داخلہ سے فراہم کردہ بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں پرانے ماڈل اور ناقص حالت میں ہیں، جو کے پی پولیس کے لیے “توہین آمیز” ہیں۔
انہوں نے ساتھ ہی ہدایت دی تھی کہ سابق وزرائے اعلیٰ سے واپس لی گئی سیکیورٹی دوبارہ بحال کی جائے تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
محسن نقوی کے اس فیصلے کو ماہرین نے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کی ایک مثبت مثال قرار دیا ہے، جو انسدادِ دہشت گردی کے قومی مقصد کو تقویت دے گی۔
